کراچی:
علاج کے نام پر پاکستان آنے والی افغان خاتون امریکا روانگی کے وقت گرفتار کرلی گئی۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے کے ترجمان کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کی جانب سے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر ایک کارروائی کی گئی، جس میں امریکا جانے والی خاتون مسافر کو گرفتار کرلیا گیا۔
ثنا خواجہ نامی افغان خاتون مسافر نے پاکستانی ویزا جعل سازی کے ذریعے حاصل کیا تھا۔ ملزمہ 13 نومبر کو چمن بارڈر کے ذریعے علاج کے نام پر پاکستان آئی تھی اور یہاں علاج کے حوالے سے کسی قسم کے ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمہ علاج کا بہانہ کر کے امریکی ویزا اپلائی کرنے پاکستان آئی تھی۔ ملزمہ کے کزن نے پاکستان جانے کے لیے میڈیکل ویزا اپلائی کرنے کا مشورہ دیا تھا ۔
ملزمہ ثنا خواجہ نے پاکستان پہنچنے کے بعد امریکی سفارتخانے سے ویزا حاصل کیا جب کہ پاکستانی ویزا اپلائی کرنے کے لیے جعلی دستاویزات استعمال کیں۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمہ ثنا خواجہ کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس کیس کے سلسلے میں مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔