پاکستان کیخلاف تیسرے ون ڈے سے قبل جنوبی افریقہ اہم فاسٹ باؤلر سے محروم
پاکستان کے خلاف تیسرے ون ڈے سے قبل جنوبی افریقہ ایک اور اہم فاسٹ باؤلر سے محروم ہوگیا۔
اوٹنیل بارٹمین دائیں گھٹنے میں تکلیف کے باعث پاکستان کے خلاف تیسرے ون ڈے سے باہر ہوگئے۔
اوٹنیل بارٹ مین، اسپنر کیشو مہاراج کے بعد رواں ون ڈے سیریز میں ٹیم سے باہر ہونے والے دوسرے پروٹیز باؤلر ہیں جب کہ رواں موسم گرما میں ان فٹ ہوکر ٹیم سے باہر ہونے والے چھٹے فاسٹ باؤلر ہیں، ان سے قبل گیرالڈ کوٹزی، وآن ملڈر، لنگی نگیڈی، لزاڈ ولیمز اور اینرچ نویکیا پہلے ہی فٹنس مسائل کے باعث ٹیم سے دور ہیں۔
پہلی مرتبہ ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیے جانے والے کوربن بوش کو بارٹ مین کی جگہ ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، وہ باکسنگ ڈے پر پاکستان کے خلاف شروع ہونے والے میچ میں اپنا ڈیبیو ٹیسٹ کرنے کے منتظر ہیں۔
کیپ ٹاؤن میں جمعرات کو دوسرے ون ڈے سے پہلے بولنگ کرتے ہوئے رن اپ کے دوران
اوٹنیل بارٹ مین کو تکلیف محسوس ہوئی، وہ دوسرے میچ کے لیے اعلان کردہ پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں تھے لیکن اس سے 2 دن پہلے پارل میں سیریز کے پہلے میچ میں ٹیم کا حصہ تھے، انہوں نے 7 اوورز میں 37 کے عوض 2 وکٹیں لی تھیں، بارٹ مین کی اگلی اسائنمنٹ ایس اے ٹی20 ہے جہاں ان کا سن رائزرز ایسٹرن کے ساتھ معاہدہ ہے۔