جی ایچ کیو حملہ کیس میں مزید 3 ملزمان پر فرد جرم عائد، تعداد 116 ہوگئی

زین قریشی، راجہ ناصر محفوظ اور راجہ شہباز شامل، پراسیکیوٹر کی تین غیر حاضر ملزمان کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کی درخواست


ویب ڈیسک December 21, 2024
(فوٹو فائل)

راولپنڈی جی ایچ کیو حملہ کیس میں مزید 3 ملزمان زین قریشی، راجہ ناصر محفوظ اور راجہ شہباز پر فرد جرم عائد کردی گئی، تاحال فرد عائد ہونے والوں کی تعداد 116 تک پہنچ گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نومئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی، سماعت اڈیالہ جیل میں امجد علی شاہ نے کی۔

عدالت نے تین ملزمان زین قریشی، راجہ ناصر محفوظ اور راجہ شہباز پر فرد جرم عائد کردی۔

مقدمہ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان، علی امین گنڈا پور، شاہ محمود قریشی، شبلی فراز، عمر ایوب، شیخ رشید احمد، عمر ایوب، شبلی فراز، صداقت عباسی، زرتاج گل، واثق قیوم عباسی، بشارت راجہ، شیخ راشد شفیق بھی نامزد ملزمان میں شامل ہیں۔

پولیس 6 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری کے بارے میں تعمیلی رپورٹ عدالت میں پیش کرے گی۔
 
گزشتہ سماعت پر زین قریشی، بلال اعجاز، ناصر محفوظ، شہیر سکندر، محمد عاصم، شہباز احمد کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔ گزشتہ تاریخ پیشی پر عدم حاضری کے باعث ان ملزمان پر فرد جرم عائد نہیں ہوسکی تھی تاہم آج عائد کردی گئی۔

 

پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا کہ تین غیر حاضر ملزمان محمد عاصم، بلال اعجاز، شہیر سکندر کی آئی ڈیز بلاک کی جائیں، ملزمان کے آئی ڈی کارڈ بلاک کرنے کے لئے چیئرمین نادرا کو مراسلہ بھیجا جائے، غیر حاضر ملزم محمد عاصم نومبر سے سعودی عرب گیا ہوا ہے، ملزم عدالت سے بغیر اجازت بیرون ملک کیسے چلا گیا، عدالتی حکم کے باوجود ملزم بیرون ملک کیسے گیا، ڈی جی پاسپورٹ امیگریشن سے وضاحت طلب کی جائے۔
 
اسی عدالت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور فواد چوہدری کی جانب سے 5دسمبر عدالتی کارروائی کی سی سی ٹی وی فراہم کرنے کی درخواست پر بھی سماعت ہوئی۔
 
پراسیکیوشن اور ملزمان کے وکلاء فیصل چوہدری، فیصل ملک، محمد علی بخاری کے دلائل مکمل ہوگئے، درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا جوکہ 24 دسمبر کو سنایا جائے گا۔
 
پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے دلائل میں کہا کہ جیل کے حدود ہوم ڈیپارٹمنٹ کے زیر کنٹرول ہے، سی سی ٹی وی کے حصول کے لئے وکلاء صفائی ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب سے رابطہ  کریں، 
اگر ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب فوٹیج نہ دے تو لاہور ہائیکورٹ میں رٹ بھی کی جا سکتی ہے۔

اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر نوید ملک نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا ٹاک میں کہا کہ جی ایچ کیو کیس میں آج مزید تین ملزمان پر فرد جرمائد کی گئی مجموعی طور پر اس مقدمہ میں 116 ملزمان پر فرد جرم عائد ہو چکی، ایک ملزم محمد عاصم عدالت کی اجازت کے بغیر بیرون ملک گیا ہوا ہے جس کا قومی شناختی کارڈ بلاک کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
 
 
انہوں نے کہا کہ آئندہ سماعت 24 دسمبر کو ہوگی جس میں مزید تین غیر حاضرملزمان پر فرد جرم عائد ہونے کا امکان ہے، گزشتہ ڈیڑھ سال سے وکلا صفائی مختلف درخواستیں دائر کر کے کاروائی میں التواء کی کوشش کی جا  رہی ہے، مزید تین ملزمان پر فرد جرم عائد ہوتے ہی یہ مقدمہ شہادتیں ریکارڈ کرنے کی جانب جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں