راولپنڈی:
توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی عدالت میں پیش ہوئے جب کہ سماعت میں گواہوں پر جرح کرلی گئی۔
اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کے روبرو ہوئی، جس میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی پیش ہوئیں۔ سماعت میں پراسیکیوٹرذوالفقارنقوی اورعمیرمجید بھی موجود تھے جب کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خان اورعظمیٰ خان بھی اڈیالہ جیل پہنچیں۔
دوران سماعت بانی پی ٹی آئی عمران خان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ پراسیکیوشن نے 2 گواہوں کے بیانات قلمبند کرائے جن پر جرح کی گئی۔ گواہوں میں کیبنٹ ڈویژن کے آفیسر میثم اور اسٹیٹ بینک کے جوائنٹ ڈائریکٹر ملک ساجد شامل تھے۔
سماعت میں کیبنٹ ڈویژن کے آفیسر نے بانی پی ٹی آئی کی بطور وزیراعظم تعیناتی کا نوٹیفکیشن عدالت میں پیش کیا۔ اسٹیٹ بینک کے آفیسر نے 2018 سے 2021 تک کا ڈالر اور یورو کے آفیشل ریٹس عدالت میں جمع کرائے۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل قوسین فیصل مفتی اور بشریٰ بی بی کے وکیل ارشد تبریز نے گواہوں پر جرح کی جب کہ استغاثہ اگلی سماعت پر مزید 2 گواہوں کو پیش کرے گا۔
بعد ازاں عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 26 دسمبر تک ملتوی کردی۔