کارکنان بڑی کال کے لیے تیار رہیں، کمیٹیاں تشکیل دی جائیں، امیر جماعت اسلامی

حکومت کو بتا دیا ہے بجلی کی قیمتیں کم کرو ورنہ سڑکوں پر آئیں گے اور مسائل کے حل کے لیے احتجاج ہوگا، حافظ نعیم الرحمان

حافظ نعیم الرحمان نے احتجاج کا عندیہ دیا—فوٹو: فائل

لاہور:

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کارکنان کو بڑی کال کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلی محلوں کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے بیان میں کہا کہ 26ویں ترمیم کے بعد عدلیہ اور جج حکمرانوں کے انگوٹھے کے نیچے آ گئے ہیں جبکہ ملک میں غریب کو انصاف نہیں ملتا اور لاکھوں مقدمات زیر التوا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عدل کے نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کو بتا دیا ہے بجلی کی قیمتیں کم کرو ورنہ سڑکوں پر آئیں گے اورعوامی مسائل کے حل کے لیے احتجاج جاری رہے گا۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ کارکنان بڑی کال کے لیے تیار رہیں اور گلی محلوں کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کے مسائل کے حل کے لیے 25دسمبر سے تحریک کا آغاز کر رہے ہیں، حکومت جاگیرداروں پر ٹیکس عائد کرے اور چھوٹے کسانوں کو ریلیف دے۔

Load Next Story