غیرقانونی باہر جانے والا شہری گرفتار، انسانی اسمگلنگ کا ایک اور نیٹ ورک بے نقاب
وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) امیگریشن نے کراچی ائرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنائی اور گرفتار ملزم نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کو بھی بےنقاب کردیا۔
ایف آئی اے کے اعلامیے کےمطابق ایف آئی اے امیگریشن نے بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مسافر کو آف لوڈ کر دیا، ملزم صدام حسین وزٹ ویزے پر مراکش جا رہا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ دوران امیگریشن مشکوک معلومات پر مسافر کو مزید تفتیش کے لیے جنرل چیکنگ افسران کے حوالے کیا گیا، تفتیش کے دوران ملزم صدام حسین نے انکشاف کیا کہ مراکش جانے کا مقصد غیر قانونی طور پر بارڈر پار کرکے اسپین اور اٹلی پہنچنا تھا۔
مسافر نے مزید انکشاف کیا کہ اس نے مراکش کا ویزا شیخوپورہ کے شہری نوید نامی ایجنٹ کے ذریعے 8 لاکھ روپے نقد ادا کر کے حاصل کیا، ملزم واٹس ایپ کے ذریعے جبار اور قاری امجد نامی انسانی اسمگلروں سے بھی رابطے میں تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق انسانی اسمگلر قاری امجد یورپ میں غیر قانونی ڈنکی اور سمندر کے راستے لوگوں کو بھیجنے میں ملوث ہے، گرفتارملزم نے مزید انکشاف کیا کہ انسانی اسمگلر قاری امجد کا تعلق شیخوپورہ سے ہے اور بیرون ملک مقیم ہے۔
انہوں نے کہا کہ قاری امجد نے متعدد لوگوں کو غیر قانونی یورپ بھجوانے کے نام پر لاکھوں روپے بٹورے ہیں، گرفتار ملزم صدام حسین نے بھی قاری امجد کو 2000 یورو ادا کیے تھے اور اسپین، اٹلی پہنچنے کے بعد مزید 13,000 یورو ادا کرنے کا معاہدہ کیا تھا۔
حکام نے بتایا کہ ملزم کو تمام ثبوتوں کے ساتھ اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے، ملزم کی نشان دہی پر مزید گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔