پیپلزپارٹی کو ن لیگ سے اتحاد کا بڑا نقصان پنجاب میں ہوا، گورنر سردار سلیم حیدر
گجرات: گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کو ن لیگ سے اتحاد کا بڑا نقصان پنجاب میں ہوا مگر اتحاد مجبوری ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق گورنر پنجاب نے پیپلز کسان ونگ کنونشن گجرات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کو پنجاب میں ن لیگ سے اتحاد کا بہت نقصان ہوا، پاور شیرنگ کے معاملے پر کافی دنوں سے صرف کمیٹی کمیٹی کھیلا جارہا ہے، ان کمیٹیوں میں جو سیاست چلتی ہے اس سے مجھے بہت تکلیف ہوتی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ن لیگ سے اتحاد مجبوری کا ہے محبت کا نہیں، میرے گورنر ہوتے ہوئے کسی پیپلزپارٹی کے ورکر سے زیادتی نہیں ہونے دوں گا۔ پیپلزپارٹی غریب،کمزور کسانوں،مزدوروں اور سرکاری ملازمین کی جماعت ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ کاشت کاروں، کسانوں کی آواز بلند کی جبکہ پنجاب کے حکمران کاشتکار اور کسانوں کو مافیا کہہ رہے ہیں، اگر کسان مافیا کہنے والوں کا ساتھ دیں تو ان کا اللہ حافظ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اتحادی حکومت میں ضرور ہیں پر ہونٹوں پر تالا اور ہاتھ نہیں بندھے ہوے جہاں زیادتی ہوگی بولیں گے، مری میں آپریشن اپنی پسند کا شروع کیا گیا، مری کے رہائشیوں کے خلاف ہونے والی زیادتیوں کے ازالہ کے لئے پیپلزپارٹی شانہ با شانہ کھڑی ہو گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہماری تنقید عوام سے ہونے والی زیادتیوں کی تنقید ہے، ایک زرعی ملک ہونے کے باوجود ہمیں اپنی زرعی اجناس امپورٹ کرنی پڑتی ہے جو شرم کی بات ہے، پنجاب میں زرعی زمینوں پر ہاؤسنگ سکیموں کا بننا قابل افسوس ہے، حکومت پنجاب اس کا نوٹس لے۔
گورنر نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے زراعت کا شعبہ اور کسان تباہ ہو کر رہ گئے ہیں، گجرات میں اگر انڈسٹریل ایریا بنانا ہے تو وہ بنجر زمین پر بنایا جائے۔