حزب اللہ کے شہید سیکریٹری جنرل حسن نصراللہ کے صاحبزادے محمد مہدی منگل کی شام ایران کے شہر قم میں دیکھے گئے اور انہوں نے اپنے والد سے منسوب سیاہ عمامہ پہنا ہوا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ محمد مہدی کئی دنوں سے ایران میں موجود ہیں۔
خبر رساں ایجنسی تبناک نے بتایا کہ انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی رہنمائی میں سیاہ عمامہ پہنا۔
ان کے بھائی محمد جواد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں تصدیق کی کہ والد کا عمامہ محمد مہدی کے پاس ہے۔
خیال رہے کہ سیاہ عمامہ شیعہ روایت میں مذہبی تعلیم کی تکمیل کی علامت سمجھا جاتا ہے، محمد مہدی شہید حسن نصراللہ کے 5 بچوں میں سے چوتھے نمبر پر ہیں، حزب اللہ کے شہید سربراہ کے دیگر بچوں میں زینب، محمد جواد، محمد مہدی، اور محمد علی شامل ہیں۔
حزب اللہ کی قیادت کرنے والے حسن نصر اللہ 27 ستمبر کو بیروت کے جنوبی مضافات میں تنظیم کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوگئے تھے۔
ان کے بڑے صاحبزدے ہادی 1997 میں 18 سال کی عمر میں جنوبی لبنان میں اسرائیلی افواج کے ساتھ لڑائی میں شہید ہوئے تھے۔