فلم پشپا 2: دا رول کے پریمیئر میں پیش آنے والے حادثے کے بعد معروف اداکار الو ارجن پر تنقید کی جا رہی ہے۔ اس واقعے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ ان کا بیٹا شدید زخمی ہو گیا تھا۔
تلنگانہ اسمبلی میں اکبر الدین اویسی نے الزام لگایا کہ الو ارجن کو حادثے کی اطلاع دی گئی، لیکن وہ فلم دیکھنے میں مصروف رہے۔
اویسی نے مزید کہا، "الو ارجن نے مسکرا کر کہا کہ اب فلم ہٹ ہو جائے گی۔"
الو ارجن نے پریس کانفرنس کے دوران ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا، "یہ ایک افسوسناک حادثہ تھا۔ لوگ مجھے 20 سال سے جانتے ہیں، کیا میں ایسا کہہ سکتا ہوں؟"
انہوں نے کہا کہ وہ متاثرہ خاندان کے دکھ کو سمجھتے ہیں اور ان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
الو ارجن نے کہا کہ ان کی ٹیم متاثرہ بچے کے لیے فکسڈ ڈپازٹ اکاؤنٹ کھولنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ ان کی مدد کی جا سکے۔
یہ حادثہ 4 دسمبر کو فلم کے پریمیئر کے دوران مداحوں کے ہجوم کی وجہ سے پیش آیا۔ بھگدڑ مچنے کے باعث ایک خاتون جاں بحق اور ان کا بیٹا زخمی ہوا۔ الو ارجن کو 13 دسمبر کو گرفتار کیا گیا لیکن ایک دن بعد ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔