لاہور پنجاب نہیں، ترقیاتی منصوبے پورے پنجاب میں ہونے چاہیئں، گورنر سلیم حیدر

اگر میں خاموش رہوں تو پنجاب میں کوئی اپوزیشن نہیں ہے، دیگر اضلاع کو اہمیت دیے بغیر حکومت نہیں چلے گی، گورنر پنجاب

گورنر پنجاب نے صوبائی حکومت پر شدید تنقید کی—فوٹو: اسکرین گریب

ATTOCK:

پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدر نے صوبائی حکومت کے اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف لاہور پنجاب نہیں ہے اور ترقیاتی کام پورے صوبے میں ہونے چاہئیں۔

گورنر ہاؤس لاہور سے جاری بیان کے مطابق گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے  اٹک کے علاقے کمڑیال میں عوامی اجتماع سے خطاب کیا اور کہا کہ ترقیاتی منصوبے پورے پنجاب میں ہونے چاہیئں، لاہور پنجاب نہیں ہے بلکہ اٹک، چکوال، جہلم، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان بھی پنجاب ہے۔

حکومتی اتحاد میں شامل پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) سے تعلق رکھنے والے سردار سلیم حیدر نے کہا کہ اگر میں خاموش رہوں تو پنجاب میں کوئی اپوزیشن نہیں ہے، پنجاب میں کہیں بھی غریب آدمی سے زیادتی ہوتی ہے تو میں بولتا ہوں، خدا گواہ ہے پنجاب میں کوئی ایسا اسپتال نہیں جہاں پر غریب آدمی کا مفت علاج ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے تمام اسپتالوں میں غریب مریضوں کا بڑے سے بڑا علاج مفت ہوتا ہے، عوام ہر چیز پر ٹیکس دے رہے ہیں، اس کے باوجود پنجاب کے حکمران کے عوام کو ریلیف دینے کے بلند وبانگ دعوے فریب ہیں۔

گورنرپنجاب نے کہا کہ متوسط طبقے سے تعلق ہے، عوام کے مسائل سے آگاہ ہوں، لوگوں کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے، کسی بھی حکومت کا سب سے بڑا فرض صحت اور تعلیم کی مفت سہولت فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کو پنجاب نہیں کہا جا سکتا اٹک، چکوال اور باقی اضلاع بھی پنجاب کا حصہ ہیں، باقی اضلاع کو اہمیت دینا ہو گی ورنہ حکومت نہیں چلے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندوں سے سوال کیا جائے کہ اسپتالوں میں ڈاکٹر کیوں نہیں ہیں، عوام کے مفاد کا تحفظ کرتے رہیں گے، اس پر سودا بازی نہیں کریں گے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو وزیر اعظم بنائیں گے، اس موقع پر ضلع اٹک کی مختلف یونین کونسلز سے مختلف برادریوں نے پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

Load Next Story