پشاور کے علاقے پشتخرہ میں پرانے قتل کی دشمنی پر فائرنگ سے 2 راہ گیروں سمیت پانچ افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق فریقین آپس میں چچازاد بتائے جاتے ہیں۔ واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں ملزمان کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کیاجو موقع سے فرار ہوچکے ہیں۔
تھانہ پشتخرہ پولیس کے مطابق واقعہ کینال روڈ اکیڈمی پل کے قریب دوپہرکے تقریبا ساڑھے 12بجے پیش آیا ہے۔ مدعیہ حلیمہ بی بی بیوہ حاجی واحد سکنہ اکیڈمی ٹاؤن نے تھانہ پشتخرہ پولیس کو رپورٹ کی کہ اپنے بیٹے ذوالقرنین ،اسرار،جواد الحق اورعبدالرحمن فاتحہ خوانی کےلئے باڑہ گیٹ آئے تھے، جب واپسی پر جائے وقوعہ پہنچے تو وہاں موجود ملزمان اسلام اللہ ،ہدایت اللہ،صبوراور نور الہی ساکنان سفید ڈھیری نے ان کی گاری پر فائرنگ شروع کردی۔
پولیس نے بتایاکہ فریقین میں قتل کی دشمنی چلی آرہی ہے اور یہ ایک ہی علاقے کے رہائشی ہیں۔ فائرنگ سے مدعیہ کا بیٹا ذوالقرنین ولد حاجی واحد سمیت اعجاز ولد امین، اسرار ولد یونس،راجولی ولد رحمان ولی سکنہ ڈورااورنصیر ولد احمد ولی ساکن چترال جاں بحق ہوگئے جبکہ فائرنگ سے فخر یار ولد موسم خان سکنہ سفید ڈھیری،جواد الحق ولد تسلیم الحق سکنہ ہنگو اوراعزاز ولد پرویز سکنہ سفید ڈھیری گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فریقین میں 1995سے دشمنی شروع ہوئی اوراب تک کئی افراد جاں بحق ہوچکےہیں۔ پولیس نے مزید بتایاکہ چچازاد بھائیوں کے درمیان آپس میں رشتے بھی ہوئے ہیں۔
واقعہ کے بعد پولیس کی تفتیشی ٹیم نے پہنچ کر جائے وقوعہ سے گولیوں کے خالی خول ودیگر اہم شواہد اکٹھی کرلی جبکہ مقتولین کی لاشوں کو پوسٹمارٹم اور زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم صبور کو گرفتار کرلیا ہے۔