رمضان کے آخری عشرے میں شہر بھر میں بھتہ خوری عروج پر پہنچ گئی

شہرکے کئی علاقوں میں ملزمان دن دہاڑے دکانداروں کو بھتے کی پرچیاں دینے لگے


Staff Reporter July 24, 2014
بھتہ نہ دینے پر اورنگی ٹاؤن میں2میڈیکل اسٹور اور ایک ریسٹورینٹ بند ہوگیا، فوٹو: فائل

رمضان المبارک کے آخری عشرے میں شہر بھر میں بھتہ خوری عروج پر پہنچ گئی ۔

شہر کے مختلف علاقوں میں تاجروں اور دکانداروں کو لاکھوں روپے کی پرچیاں موصول ہورہی ہیں اور نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج بھگتنے کی بھی دھمکیاں دی جاتی ہیں ، متعدد علاقوں میں دکانداروں نے کاروبار بند کردیے، اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ میں2 میڈیکل اسٹور اور ایک ریسٹورینٹ بھتہ نہ دینے کی صورت میں مالکان کو بند کرنا پڑگئے ، تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے آخری عشرے میں شہر بھر میں بھتہ خوری عروج پر پہنچ گئی ہے ، بھتہ خوروں کے حوصلے اتنے بلند ہوگئے ہیں کہ دن دہاڑے دکانداروں کو پرچیاں تھما کر باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔

شہر کا کوئی علاقہ ایسا نہیں بچا جہاں بھتہ خوروں نے بھتے کی پرچیاں نہ دی ہوں ، کئی دکانوں پر پرچیوں کے ساتھ ساتھ پستول کی 2 گولیاں رکھ کر تاجر کا نام لکھ کر دی جاتی ہیں ، صورتحال اس قدر گھمبیر ہوگئی ہے کہ تاجر حضرات ڈر اور خوف کے باعث یا تو خاموشی سے بھتہ دے دیتے ہیں یا اپنا کاروبار سمیٹنے پر مجبور ہوجاتے ہیں ، شہر بھر میں فیڈرل بی ایریا کا علاقہ ہو یا اورنگی ٹاؤن کا ، گلشن اقبال ہو یا ملیر کا ، بلدیہ ٹاؤن ہو یا قائد آباد ، لانڈھی ہو یا کیماڑی غرض شہر کا کوئی علاقہ ایسا نہیں ہے جو بھتہ خوروں سے محفوظ ہو ، فیڈرل بی ایریا کے دکانداروں کے مطابق نامعلوم افراد انھیں ڈیڑھ لاکھ روپے سے 5 لاکھ روپے تک کی پرچیاں دے کر گئے ہیں ۔

جس کی وجہ سے وہ انتہائی پریشان ہیں ، دکانداروں کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں کاروبار کی صورتحال انتہائی نازک ہے اور رہی سہی کسر بھتہ خوروں نے پوری کردی ہے ، اورنگی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر ساڑھے 11 میں بھتہ خوروں کا مطالبہ پورا نہ کرنے کے باعث 2میڈیکل اسٹور اور ایک ریسٹورینٹ بند کردیا گیا ہے ، مالکان کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ قبل وہ ڈیڑھ لاکھ روپے ادا کرچکے ہیں لیکن اب دوبارہ انھوں نے مطالبہ شروع کردیا ہے اورمطالبہ پورا نہ کرنے کے باعث کئی مرتبہ ان کی دکانوں اور ریسٹورینٹ پر نامعلوم افراد نے ہوائی فائرنگ کی ، دکانداروں کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے انھیں تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں