راولپنڈی:
خاتون کے ساتھ اسپتال میں سکیورٹی گارڈ نے زیادتی کر ڈالی، جس کی شکایت پر ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق راولپنڈی کے بے نظیر بھٹو اسپتال میں بیٹی کے علاج کے لیے موجود خاتون سے زیادتی کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد تھانہ وارث خان میں مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
متاثرہ خاتون نے درخواست دی کہ اسپتال میں سکیورٹی گارڈ نے زیادتی کی، جس پر اس نے اسپتال میں شدید پریشانی کے عالم میں ہینڈ سینیٹائزر پی لیا۔
پولیس حکام کے مطابق متاثرہ خاتون نے مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایا کہ اس کی 9 سالہ بیٹی اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں زیر علاج ہے۔ اس کی دیکھ بھال کے لیے وہ یہاں تھی کہ رات کے وقت اسپتال کے واش روم گئی، جہاں شاہ زیب نامی گارڈ پیچھے آ گیا اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔
خاتون کے مطابق تمام واقعے سے متعلق اسپتال عملے کو بھی بتایا۔
واقعے پر سی پی او راولپنڈی نے نوٹس لیا، جس کے بعد وارث خان پولیس نے فوری مقدمہ درج کر کے ملزم شاہ زیب کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کا میڈیکل پراسیس کروایا گیا ہے۔ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا ہے کہ خواتین سے زیادتی، ہراسگی یا تشدد ناقابل برداشت ہے۔