ملتان اور کراچی سے سعودی عرب اور آسٹریلیا منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام
اے این ایف نے مختلف آپریشنز میں ملتان اور کراچی سے سعودی عرب اور آسٹریلیا منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں کریک ڈاؤن جاری ہے، اس سلسلے میں 12 مختلف کارروائیوں کے دوران 11 ملزمان کو گرفتار کرکے 25 کروڑ سے زائد مالیت کی 308.3 کلو گرام منشیات برآمد کرلی گئی۔
تعلیمی اداروں میں کارروائیاں
اے این ایف نے اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب 2 ملزمان سے 200 گرام چرس برآمد کرلی۔ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کرلیا۔
دیگر کارروائیاں
اسلام آباد میں ایم ون موٹر وے پر 2 مختلف کارروائیوں میں 3 ملزمان سے9 کلو ہیروئن، ایک کلو افیون، 1.6 کلو آئس اور 1.2کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ اسی طرح کاک پل اسلام آباد کے قریب خاتون کے قبضے سے 4.2 کلو چرس اور 500 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔
دوسری جانب ملتان ایئرپورٹ پر ریاض جانے والے مسافر سے 1.2 کلو آئس برآمد کرلی گئی جب کہ کراچی میں 2 مختلف کارروائیوں میں کوریئر آفس میں 2 پارسلز سے مجموعی طور پر 30.2 کلو آئس برآمد ہوئی۔ مذکورہ پارسلز آسٹریلیا کے لیے بک کیے گئے تھے۔
اُدھر کوئٹہ میں مستونگ کے مختلف علاقوں سے 159 کلو مارفین اور 53 کلو ہیروئن برآمدہوئی ہے۔ علاوہ ازیں کراچی میں مشرف کالونی کے قریب 2 موٹر سائیکل سواروں سے ڈرم میں چھپائی گئی 40.8 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔
سبی روڈ کوئٹہ کے قریب ملزم سے 4 کلو آئس برآمد ہوئی۔ ڈیرہ غازی خان میں سخی سرور روڈ کے قریب ملزم سے 2.4 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔
اے این ایف کی جانب سے گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔