اپنے بچے آرام سے بیٹھے ہیں اور لوگوں کے بچے جیلوں میں رل رہے ہیں، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب نے فاسٹ یونیورسٹی اسلام آباد میں راولپنڈی ڈویژن کے 2570 طلبہ کے لیے اسکالرشپ کا آغاز کر دیا


ویب ڈیسک December 23, 2024

لاہور:

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ میں ایک ماں ہوں، کیا کبھی کوئی ماں کہے گی جلا دو، مار دو، ڈنڈے پکڑ لو، اپنے بچے آرام سے بیٹھے ہیں اور لوگوں کے بچے جیلوں میں رل رہے ہیں۔

فاسٹ یونیورسٹی اسلام آباد میں ہونہار اسکالرشپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئی آپ کو گالی گلوچ سکھائے، الزام لگانا اور پگڑیاں اچھالنا سکھائے تو وہ آپ کا ہمدرد نہیں۔ مخالفین کا کام صرف تنقید اور پروپیگنڈا کرنا ہے، سیاسی مخالفت کی بنا پر مجھے زیادہ تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

مریم نواز نے کہا کہ مخالفین کا شکریہ جن کی تنقید کی وجہ سے میں بہت مضبوط ہوگئی ہوں، میرے سامنے گالی دو یا نعرہ لگاؤ مجھے اب کوئی فرق نہیں پڑتا۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ کو اسکالرشپ دیتے ہوئے مجھے خوشی محسوس ہو رہی ہے اور ہم بلاامتیاز عوامی خدمت کا سفر آگے بڑھا رہے ہیں۔ ہم طلبہ کو الیکٹرک بائیکس بھی دے رہے ہیں، چینی کمپنیاں پنجاب میں الیکٹرک بائیکس کی مینوفیکچرنگ پلانٹس لگائیں گی۔

مریم نواز نے کہا کہ تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہے ہیں، طلبہ نے سخت محنت کرکے ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔ پہلی بار پنجاب حکومت نجی جامعات کے طلبہ کو بھی اسکالر شپ دے رہی ہے، یہ ہے وہ تبدیلی جو پاکستان کے عوام دیکھ رہے ہیں۔

قبل ازیں، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دوسرے فیز میں فاسٹ یونیورسٹی اسلام آباد میں راولپنڈی ڈویژن کے 2570 طلبہ کے لیے اسکالرشپ کا آغاز کیا۔ 1660 اسکالرشپ پبلک سیکٹر یونیورسٹیز، 637 اسکالرشپس فیڈرل اور پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز کے طلبہ کو دی جا رہی ہیں۔

پبلک سیکٹر یونیورسٹی کے ساتھ ساتھ اب پرائیویٹ ٹیکنالوجی اور پروفیشنل یونیورسٹی طلبہ کو بھی ہونہار اسکالر شپ دی گئی۔

ہونہار اسکالرشپ پروگرام کے تحت 68 شعبہ کے نمایاں طلبہ کے تعلیمی اخراجات حکومت ادا کرے گی۔ پنجاب کے 22 سال سے کم عمر طلبہ اپلائی کر سکتے ہیں، ماہانہ انکم 3 لاکھ سے کم ہونی چاہیئے۔ سالانہ 30ہزار اسکالرشپ دی جائیں گی، 4 سال میں جس کی تعداد ایک لاکھ 20ہزار ہوگی۔

ہونہار طلبہ مالی حالات کی فکر کے بغیر اعلیٰ تعلیم بہترین اداروں سے حاصل کرسکتے ہیں۔ طلبہ کے 100 فیصد تعلیمی اخراجات حکومت پنجاب کی ذمہ داری ہوں گے۔ پروگرام میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے درخواستیں آن لائن پورٹل پر موصول اور پراسیس کی گئیں۔

یونیورسٹی آف پنجاب میں پہلے فیز میں 2473 طلبہ کو ہونہار اسکالرشپ دیے گئے۔ پروگرام کے تحت یو ای ٹی لاہور کے 1886 طلبہ کو بھی اسکالرشپ مل رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں