اسلام آباد:
حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے سلسلے میں وزیراعظم آج صدر مملکت سے اہم ملاقات کریں گے۔
فریقین کے مابین مذاکرات کے لیے حکومتی اور تحریک انصاف کی کمیٹیوں کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں حکومت کی جانب سے 7 اور پی ٹی آئی کے 3 ارکان شامل تھے۔
ایک جانب جہاں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی برف کو پگھلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، وہیں وزیراعظم آج صدر مملکت سے اہم ملاقات کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آج شام ساڑھے 5 بجے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے۔ اس اہم ملاقات میں ملکی سیاسی اور معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔