صدر مملکت سے وزیراعظم کی ملاقات، پی ٹی آئی سے مذاکرات پر بات چیت

پارلیمنٹ میں قانونی سازی کے امور پر بھی گفتگو، قانونی امور پر تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آگے بڑھنے کا فیصلہ

مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی آئینی عدالتوں کے قیام سے پیچھے ہٹ گئیں

اسلام آباد:

صدر مملکت آصف زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف نے ایوان صدر میں ملاقات کی جس میں پی ٹی آئی سے مذاکرات اور مدارس بل پر بات چیت کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف صدرمملکت سے ملنے پہنچے۔ اس موقع پر چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی، مخدوم احمد محمود، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر خيبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور نوید قمر بھی موجود تھے۔

دونوں کے درمیان ملاقات میں پی ٹی آئی سے مذاکرات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، پی ٹی آئی کی جانب سے ابتدائی طور پر پیش کیے گئے عمران خان و دیگر قیدیوں کی رہائی اور 9 مئی و 26 نومبر واقعات کی جوڈیشل انکوائری کے مطالبات پر بات کی گئی۔

وزیرِ اعظم نے صدر کی صحت  کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

صدر مملکت اور وزیرِ اعظم نے ملکی ترقی کیلئے مل کر آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں نے پارلیمنٹ میں قانون سازی کے امور پر بھی بات چیت کی۔

دونوں رہنماؤں کا قانونی امور پر تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔ صدر مملکت نے وزیرِ اعظم کو ملکی ترقی  اور استحکام کیلئے تعاون  کی یقین دہانی کرائی۔

قبل ازیں حکومتی اتحاد اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور پارلیمنٹ ہاؤس میں وا۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں ہوئے اجلاس میں حکومت کی جانب سے 7 اور پی ٹی آئی کے 3 ارکان شامل تھے۔

Load Next Story