کراچی؛ دوران ڈکیتی نوبیاہتا دلہا کو قتل کرنے والے گینگ کا سرغنہ گرفتار

ملزم سے قتل اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں استعمال کیا جانے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا

کراچی:

بلال کالونی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کے وارداتوں کے دوران نوبیاہتا دلہا کو قتل کرنے والے گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کر کے قتل اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں استعمال کیا جانے والا اسلحہ برآمد کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق بلال کالونی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم، بینک کیش ڈکیتیوں کے دوران شہریوں پر فائرنگ کر کے قتل و زخمی کرنے والے گینگ کے سرغنہ حمزہ عرف موسیٰ کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گرفتار ملزم حمزہ عرف موسیٰ کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کی گئی ہے، ملزم سے وارداتوں میں استعمال کیا جانے والا اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔

گرفتار ملزم موسیٰ نے 2 اگست 2024 کو نیو کراچی الیون ای گلزار مدینہ مسجد کے قریب ڈکیتوں نے فائرنگ کر کے مسجد کی چھت پر کھڑے نمازی 30 سالہ نذیر احمد کو قتل کیا تھا جس کا مقدمہ الزام نمبر 317/2024 زیر دفعہ 302/397/34 تھانہ نیو کراچی میں درج ہے۔

دو اگست کو واقعے کے بعد ایکسپریس اخبار کے رابطہ کرنے پر ایس پی نیو کراچی فیصل نور نے بتایا تھا کہ علی محمد گوٹھ گلزار مدینہ مسجد کے باہر موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے شہری سے 2 لاکھ روپے چھین لیے، شہری کے مزاحمت کرنے پر ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں مسجد کی چھت پر کھڑا نمازی نذیر احمد گردن پر گولی لگنے سے زخمی ہوا تھا جبکہ ملزمان فرار ہوگئے تھے۔

زخمی ہونے والے شخص کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا تھا، مقتول گدھا گاڑی بان تھا جبکہ اس کی واقعے سے دو ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔

گرفتار ملزم حمزہ نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے اپنے دیگر تین ساتھیوں راحیل عرف چکی، حمزہ عرف چنٹو، عمیر عرف مالک کے ساتھ مل کر بینک سے کیش لے کر آنے والے شہری شفاقت کو لوٹنے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کی تھی جس سے مسجد کی پہلی منزل پر موجود نمازی کو گولی لگی جو موقع پر دم توڑ گیا تھا۔ گرفتار ملزم 6 رکنی گینگ کا سرغنہ جبکہ پولیس کو انتہائی مطلوب تھا، گرفتار ملزم موسیٰ اسٹریٹ کرائم اور چھینا جھپٹی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔

ملزم نے انکشاف کیا کہ وارداتوں میں اسلحہ اور موٹر سائیکل فراہم کرنا، واردات کا تعین کرنا اور حصہ پتی کرنا میری ذمہ داری ہوتی تھی۔ گرفتار ملزم موسیٰ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں بینک کیش کی وارداتوں کا مرکزی ملزم جبکہ چھ رکنی گروہ کو آپریٹ کر رہا تھا۔

دوران تفتیش ملزم نے بلال کالونی، نیوکراچی ، نیو کراچی انڈسٹریل ایریا، ایف بی انڈسٹریل ایریا اور گبول ٹاؤن تھانوں کی حدود میں متعدد وارداتیں کرنے کے انکشافات کیے ہیں۔

گرفتار ملزم حمزہ عرف موسیٰ بینک کے اندر 5 ہزار کا نوٹ لے کر چینج کروانے کے بہانے جاتا تھا جہاں وہ رقم نکلوانے والوں کی ریکی کرتا تھا، زیادہ رقم نکال کر لے جانے والے شہریوں کی انفارمیشن اپنی ’’بیک اَپ ڈکیت ٹیم‘‘ کو فراہم کرتا تھا۔ بینک سے رقم نکال کر لے جانے والے شہری، کاروباری افراد سے اپنے گھر، دفتر اور دکان پہنچنے سے پہلے ہی ملزمان کے ہاتھوں لٹ جایا کرتے تھے۔

ملزمان ہدف بنا کر ٹارگٹ کیا کرتے جبکہ مزاحمت پر اندھا دھند فائرنگ کر کے شہریوں کو نشانہ بنا کر فرار ہو جاتے تھے۔ ملزم نے بلال کالونی سندھی ہوٹل نیو کراچی کے قریب بینک الحبیب سے نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے کی متعدد وارداتوں کا اعتراف جرم کیا ہے۔

Load Next Story