کراچی: محبت میں مبتلا بیوی نے طلاق نہ دینے پر شوہر کو قتل کردیا

ملزمہ باپ اور بھائی سمیت گرفتار، واقعہ اسکیم 33 میں پیش آیا

کراچی:

سہراب گوٹھ پولیس نے شوہر کو قتل کرنے کے الزام میں مقتول کی اہلیہ، سسر اور سالے کو گرفتار کرلیا۔

 پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کو ملزمہ نے پہلے کوئی چیز کھلائی اس کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کر دیا، ملزمہ نے واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ میں قتل کا معمہ حل ہوگیا۔

سہراب گوٹھ پولیس نے زیر حراست ملزمہ نور ثمینہ، اس کے والد محمد ندیم ولد علی محمد اور بھائی یامین کو گرفتار کرکے 302/34 کے تحت مقتول کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔

 ایس ایچ او سہراب گوٹھ سب انسپکٹر وزیر سموں نے ایکسپریس کو بتایا کہ 22 دسمبر کو اسکیم 33 جمالی گوٹھ غریب آباد گلی نمبر 5 میں ایک شخص کی لاش کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 28 سالہ شاہد علی ولد محمد قاسم کے نام سے کی گئی، پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے مقتول کی اہلیہ نور ثمینہ کا بیان قلمبند کیا تھا جس میں تضاد پایا گیا۔

ملزمہ نے بتایا تھا کہ وہ سو رہی تھی جب صبح اٹھی تو اس کے شوہر کی لاش چھت میں لگے پنکھے سے لٹک رہی تھی جس پر اس نے فوری طور پر مقتول کے بھائی کو اطلاع دی اور اپنی مدد آپ کے تحت لاش کو اتار کر کرسی پر ڈال دیا۔

 مقتول کے بھائی نے موقع پر پہنچ کر واقعے کی اطلاع پولیس کو دی، پولیس نے مقتول کی اہلیہ کو شک کی بنیاد پر حراست میں لے لیا تھا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ایم ایل او نے بتایا کہ مقتول شاہد علی کو ہفتے کی شب کھانے میں کوئی چیز ملا کر کھلائی گئی جس سے وہ بیہوش ہوگیا، بعد ازاں ملزمان نے گلا گھونٹ کر قتل کردیا، ملزمہ نور ثمینہ نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنے والد اور بھائی کی مدد سے اپنے شوہر کو قتل کیا۔

 ملزمہ نے بتایا کہ وہ کافی عرصہ سے اپنے شوہر سے طلاق دینے کا بول رہی تھی تاہم وہ طلاق دینے کو تیار نہیں تھا، ملزمہ کسی اور شخص سے محبت کرتی تھی، ہفتے کی رات کو ملزمہ رات دس بجے اور مقتول رات ایک بجے گھر آئے تھے دونوں میں کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا بعد ازاں ملزمہ نے منصوبے کے تحت شوہر کو قتل کردیا، مقتول الیکٹریشین اور دو بچوں کا باپ تھا، ملزمان کو شعبہ تفتیش کے حوالے کردیا گیا۔

Load Next Story