میکسیکو میں ایک چھوٹا طیارہ دشوار گزار گھنے جنگل میں گر کر تباہ ہو گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک انجن والے چھوٹے طیارے نے میکسیکو کی ریاست لاپروتا سے پرواز بھری تھی۔
پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد طیارے کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ ریسکیو آپریشن کے دوران ایک جنگل سے دھواں اُٹھنے پر اہلکار چوکنے ہوگئے۔
فضائی آپریشن کے انچارج نے بتایا کہ طیارے کا ملبہ ریاست جالسکو کے ایک دور دراز اور گھنے جنگل میں ملا ہے جس میں آگ لگی ہوئی ہے۔
دشوار گزار راستے ہونے کی وجہ سے جائے وقوعہ تک پہنچنے میں ریسکیو ٹیم کو کافی وقت لگا۔ حادثے کی جگہ سے 7 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
تاحال لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مرنے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
تاحال طیارہ حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔ میکسیکو میں چھوٹے طیاروں کے حادثات عام ہیں جن کی وجوہات میں خراب موسم، طیاروں کا پرانا ہوجانا اور پائلٹ کی غلطی ہونا شامل ہیں۔