دبئی؛ پولیس کے بھیس میں بھارتیوں کو لوٹنے پر 4 پاکستانیوں کو قید اور 10 لاکھ درہم جرمانہ

پاکستان سے تعلق رکھنے والے پانچویں ملزم کو عدم ثبوت پر بری کردیا گیا


ویب ڈیسک December 23, 2024

دبئی میں 4 پاکستانیوں کو دو دو سال قید اور مجموعی طور پر دس لاکھ درہم جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق دبئی میں الرفا پولیس اسٹیشن کے علاقے میں رواں برس 29 مارچ کو دو بھارتی شہریوں کو پولیس اہلکاروں نے اغوا کرکے لوٹ لیا تھا۔

تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ بھارتیوں کو اغوا کرکے لوٹنے والے پولیس اہلکار نہیں تھے بلکہ بہروپیے تھے۔

دبئی پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز اور ملزمان کے خاکوں کی مدد سے چھاپا مار کارروائی میں 4 افراد کو حراست میں لیا جن کا تعلق پاکستان سے تھا۔

ملزمان نے اعتراف جرم میں بتایا کہ ان بھارتیوں کے پاس بھاری رقم ہونے سے متعلق انھیں ان کے گینگ میں شامل ڈرائیور نے بتایا تھا۔

ملزمان نے مزید بتایا کہ سیاہ کار میں ہم نے بھارتیوں کا پیچھا کیا اور المنخول کے قریب روکا جہاں دو مجرموں نے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرکے تلاشی لی۔

ملزمان کے بقول ہم ان دونوں بھارتیوں کو علیحدہ علیحدہ گاڑیوں میں لے گئے اور انھیں تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پیسے چھین کر چھوڑ دیا۔

پانچ ملزمان میں سے ایک ماسٹر مائنڈ تھا، ایک ڈرائیور تھا اور دو نے پولیس اہلکار کا بھیس بدلا جب کہ آخری ملزم نے کسی بھی کارروائی میں ملوث ہونے سے انکار کیا۔

عدالت نے شواہد اور اعتراف جرم پر چار ملزمان کو دو دو سال قید اور ڈھائی ڈھائی لاکھ درہم جرمانے کی سزا سنائی جب کہ پانچویں ملزم کو ناکافی ثبوت کے باعث بری کردیا۔

سزا مکمل ہونے کے بعد چاروں ملزمان کو ملک بدر کردیا جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں