بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی آسٹریلیا میں جاری بارڈر-گواسکر ٹرافی کے چوتھے اور پانچویں ٹیسٹ میں شمولیت کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔ شامی کے بائیں گھٹنے میں سوجن کی وجہ سے سیریز کے باقی میچز کے لیے شمار نہیں کیا گیا ہے۔
محمد شامی کی فٹنس کے متعلق پریس ریلیز برسبین ٹیسٹ کے بعد کپتان روہت شرما کی جانب سے بولر کی دستیابی کے متعلق دریافت کرنے کے بعد جاری کی گئی ہے۔
بھارتی بورڈ کا پریس ریلیز میں کہنا تھا کہ نومبر میں شامی نے رانجی ٹرافی میں بنگال کی جانب سے مدھیا پردیش کے خلاف 43 اوورز کرائے۔ اس کے بعد انہوں نے سید مشتاق علی ٹرافی کے تمام نو میچز کھیلے، جہاں وہ اضافی بولنگ سیشن کا حصہ بھی رہے جس کا مقصد ٹیسٹ میچز کی تیاری تھی۔ تاہم، ان کے بولنگ ورک لوڈ کی وجہ سے ان کے بائیں گھٹنے پرمعمولی سی سوجن آگئی ہے۔
بی سی سی آئی کا کہنا تھا کہ حالیہ طبی معائنے کے بعد بورڈ کی میڈیکل ٹیم کا اس بات پر ثابت قدم ہے کہ شامی کے گھٹنے کو مناسب بولنگ لوڈ کے لیے ابھی اور وقت دینے کی ضرورت ہے۔ اس لیے ان کو بورڈر-گواسکر ٹرافی کے فٹ قرار نہیں دیا گیا ہے۔