مشیر صحت کے پی کے احتشام علی نے کہا ہے کہ کرم میں اب تک کروڑوں روپے مالیت کی ادویات فراہم کی جا چکی ہیں اور مزید بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
مشیر صحت نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر ایمرجنسی ادویات کی وافر مقدار کرم پہنچائی گئی ہے انہوں نے کہا کہ 4 دسمبر سے لیکر اب تک پاڑہ چنار میں کروڑوں مالیت کی 11710 کلوگرام ادویات فراہم کی جا چکی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک 4500 کلوگرام وزنی ادویات صدہ پہنچائی گئی ہیں جبکہ ٹل اور صدہ تک ادویات کی رسد ممکن بنانے کے لیے ڈی ایچ او ہنگو کو بھی ایمرجنسی ادویات سپلائی کی گئی ہیں۔
مشیر صحت کے پی کے احتشام علی کا کہنا تھا کہ اب تک درجنوں مریضوں کو علاج کی غرض سے کرم سے پشاور پہنچایا گیا ہے۔