بھارتی پولیس نے خالصتان کے 3 رہنماؤں کا ماورائے عدالت قتل کردیا

خالصتان زندہ باد فورس کے تینوں رہنماؤں کو پولیس نے اترپردیش میں سرچ آپریشن کے دوران قتل کیا


ویب ڈیسک December 23, 2024

بھارت میں پولیس نے ایک سرچ آپریشن کے دوران اندھا دھند فائرنگ کرکے 3 افراد کوموت کے گھاٹ اتار دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست پنجاب اور اترپردیش کی پولیس نے خالصتان زندہ باد فورس کی موجودگی کی اطلاع پر مشترکہ کارروائی کی۔ 

اتر پردیش پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نے میڈیا کو بتایا کہ ملزمان کو گرفتاری دینے کا کہا گیا لیکن انھوں نے پولیس پارٹی پر گولیاں چلا دیں۔

انھوں نے مزید بتایا کہ پولیس اہلکاروں کو اپنے دفاع میں جوابی فائرنگ کرنا پڑی جس میں تین مزمان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت گروندر سنگھ، وریندر سنگھ اور جسن پریت سنگھ کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ڈی جی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ تینوں ملزمان گرداس پور پولیس چیک پوسٹ پر گرینیڈ حملے میں ملوث تھے اور پولیس کو انتہائی مطلوب تھے۔

یاد رہے کہ مودی سرکار نے خالصتان کی تحریک کو کچلنے کے لیے بیرون ملک رہنماؤں کو بھی اپنی خفیہ ایجنسی را کے ذریعے قتل کروایا ہے۔

ان میں سے ایک قتل کینیڈا میں ہوا جس پر وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے را کے ملوث ہونے کے شواہد پیش کرتے ہوئے سفارتی تعلقات معطل کردیئے تھے۔

اسی طرح امریکی ایجنسی ایف بی آئی نے بھی ایک سکھ رہنما کے قتل کی سازش کو عین موقع پر ناکام بنادیا تھا اس میں بھی را ملوث تھی۔

بھارتی حکومت اقلیتوں اور محروم ریاستوں کو آزادی دینے کے بجائے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے ان کا ماورائے عدالت قتل کر رہی ہے۔

شورش زدہ چھتیس گڑھ، اوڈیسہ، مدھیہ پردیش، آندھرا پردیش، کیرالہ اور پنجاب میں علیحدگی پسند جماعتیں فعال ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں