معروف گلوکار اے پی ڈھلوں اور دلجیت دوسانجھ کے درمیان سوشل میڈیا پر جاری تنازعہ مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔
حال ہی میں اے پی ڈھلوں نے گلوکار کرن اوجلہ کے کنسرٹ میں حیرت انگیز انٹری دی اور اس دوران کہی گئی ان کی کچھ باتیں وائرل ہو گئیں، جن میں انہوں نے میوزک کو "مقابلہ" قرار دینے کو مسترد کر دیا۔
کرن اوجلہ کے کنسرٹ میں، اے پی ڈھلوں نے اسٹیج پر سامعین سے خطاب کرتے ہوئے کہا: "ایک بیانیہ پیش کیا جا رہا ہے کہ یہ لوگ ایک دوسرے کو پسند نہیں کرتے۔ لیکن میں آپ کو ایک بات بتا دوں، یہ سوشل میڈیا سب کرپٹ ہے۔ یہ صرف ایک بیانیہ ہے جو لوگ پیش کرتے ہیں۔ ہم ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا:"میں آپ کو ایک اور بات بتانا چاہتا ہوں۔ میوزک کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ اس میں کوئی جیتنے یا ہارنے والا نہیں ہوتا۔ اہم بات یہ ہے کہ کون حقیقت پر قائم رہتا ہے۔"
یہ تنازعہ اس وقت شروع ہوا جب دلجیت دوسانجھ نے 8 دسمبر کو اپنے انسٹاگرام پر اے پی ڈھلوں اور کرن اوجلہ کے کنسرٹس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے لکھا: "میرے دو بھائی، کرن اوجلہ اور اے پی ڈھلوں، نے اپنے ٹورز شروع کیے ہیں، ان کے لیے نیک تمنائیں۔"
اس کے جواب میں اے پی ڈھلوں نے طنزیہ انداز میں کہا: "بھائی، پہلے انسٹاگرام پر مجھے ان بلاک کریں اور پھر بات کریں۔ میں نے تین سالوں میں کبھی کسی تنازعہ میں شامل نہیں ہوا، لیکن پہلے یہ تو حل کریں۔"
اے پی ڈھلوں کے بیانات نے سوشل میڈیا پر کافی دھوم مچا دی ہے۔ دوسری جانب، گلوکار بادشاہ نے بھی ایک پراسرار پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے "متحد رہنے" کی بات کی، جسے اس تنازعہ سے جوڑا جا رہا ہے۔