ویسٹ انڈیز 19 سال بعد ٹیسٹ سیریز کیلئے کب پاکستان آئے گی؟ اعلان ہوگیا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آج ویسٹ انڈیز کی مینز کرکٹ ٹیم کے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 2 میچز کیلئے پاکستان کے دورے کی تفصیلات کا اعلان کردیا ہے۔
ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم 6 جنوری کو اسلام آباد پہنچے گی اور پاکستان شاہینز کے خلاف 10 سے 12 جنوری تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 3 روزہ میچ کھیلنے کے بعد ملتان میں پاکستان کے خلاف سیریز کے دونوں ٹیسٹ کھیلے گی۔
پہلا ٹیسٹ 17 سے 21 جنوری تک کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 25 سے 29 جنوری تک کھیلا جائے گا۔
مزید پڑھیں: ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان کیلیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان
یہ ویسٹ انڈیز کا 19 سال میں پہلا ٹیسٹ دورۂ پاکستان ہوگا، آخری بار نومبر 2006 میں 3 ٹیسٹ کھیلے تھے جبکہ پاکستان کے خلاف اس کی آخری اوے ٹیسٹ سیریز اکتوبر 2016 میں متحدہ عرب امارات میں ہوئی تھی تاہم ویسٹ انڈیز نے اپریل 2018 کے بعد سے 3 بار پاکستان کا دورہ کیا ہے ایک بار ون ڈے انٹرنیشنل سیریز جون 2022 میں اور 2 بار ٹی20 انٹرنیشنل سیریز اپریل 2018 اور دسمبر 2021 میں کھیلی تھی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ویسٹ انڈیز نے پاکستان کیخلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔
ٹور شیڈول:
10 سے 12 جنوری 3 روزہ میچ بمقابلہ پاکستان شاہینز، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم
جنوری – 17 سے 21 پہلا ٹیسٹ، ملتان کرکٹ اسٹیڈیم
25 سے 29 جنوری ، دوسرا ٹیسٹ، ملتان کرکٹ اسٹیڈیم
کھیل کے اوقات (ٹیسٹ میچز):
پہلا سیشن – صبح ساڑھے 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک۔
دوسرا سیشن ۔ 12بجکر 40 منٹ سے 2 بجکر 40 منٹ تک۔ (01 بجے سے 3 بجے صرف جمعہ)
تیسرا سیشن – 3 بجے سے ساڑھے 4 بجےتک (3:20- 4:50، صرف جمعہ)