اسرائیل نے حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کو ایران میں قتل کرنے کا باقاعدہ اعتراف کرلیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیردفاع اسرائیل کاٹز نے ایک تقریب میں تقریر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کو ایران میں اسرائیل نے ہی قتل کیا تھا۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ حوثیوں کا انجام بھی ایسا ہی ہوگا جیسا کہ اسماعیل ہنیہ سمیت خطے میں ایرانی قیادت اتحاد کے دیگر ارکان کا ہوا۔
اسرائیلی وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل نے حماس اور حزب اللہ کے دیگر رہنماؤں کو قتل کیا۔ شام میں بشار الاسد کی حکومت کا تختہ الٹنے میں معاونت کی اور ایران کے طیارہ شکن نظام کو تباہ کیا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ہم حوثیوں کے اسٹریٹیجک انفرا اسٹریکچر پر حملہ کریں گے اور قیادت کا خاتمہ کریں گے جیسا کہ ہم نے اسماعیل ہنیہ، سنوار اور نصراللہ کے ساتھ تہران، غزہ اور لبنان میں کیا۔ ہم ایسا ہی صنعا اور حدیدہ میں بھی کریں گے۔
یاد رہے کہ حماس کے سینیئر رہنما اسماعیل ہنیہ اور ان کے محافظ تہران میں میزائل حملے میں شہید ہوگئے تھے۔ وہ ایران کے نو منتخب صدر مسعود پزیشکیان کی حلف برداری میں شرکت کے لیے تہران گئے تھے۔