پاکستان شوبز کے اداکار سمیع خان نے حال ہی میں ایک ٹی وی شو میں انکشاف کیا کہ ہے کہ ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران اس قدر لڑائی جھگڑا ہوا کہ دو اداکاراؤں نے ایک دوسرے پر جوتے مارے اور تھپڑ بھی لگائے۔
سمیع خان نے بتایا کہ یہ واقعہ ڈرامہ ’محبت کی آخری کہانی‘ کے سیٹ پر پیش آیا تھا جو گزشتہ سال آن ائیر ہوا تھا۔
سمیع خان نے بتایا کہ وہ سیٹ پر میک اپ روم میں موجود تھے اور کسی سے فون پر بات کر رہے تھے کہ اچانک ایک گھبرائی ہوئی اداکارہ اندر آئی اور کہا، ’میں نے کردیا، مجھے نہیں پتا، مجھے جو سمجھ آیا میں نے کردیا۔‘ اسی دوران دوسری اداکارہ بھی کمرے میں داخل ہوئیں، دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، اور پھر ایک جوتا اڑتا ہوا نظر آیا جو کسی کو لگا نہیں۔
سمیع خان کا کہنا تھا کہ اس وقت وہ ایک اہم کال پر تھے، اس لیے فوراً کمرے سے باہر نکل گئے اور عملے سے معاملہ جاننے کی کوشش کی۔ معلوم ہوا کہ شاٹ کے دوران ایک اداکارہ نے دوسری کو تھپڑ مارا تھا۔
سمیع خان نے اس واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی یہ حق حاصل نہیں کہ وہ کسی پر ہاتھ اٹھائے، چاہے وہ مین لیڈ ہو یا سیکنڈ لیڈ۔
مزید وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بعد میں انہوں نے دونوں اداکاراؤں کو گلے ملنے کا سین کرتے دیکھا، لیکن تھپڑ مارنے کا واقعہ حقیقت تھا۔ انہوں نے متاثرہ اداکارہ کی تعریف کی، جنہوں نے تمام تر تنازعے کے باوجود اپنا کام مکمل کیا اور ڈرامے کی شوٹنگ ختم ہونے تک کام کیا۔
یاد رہے کہ یہ واقعہ گزشتہ برس اس وقت کا ہے جب علیزے شاہ اور منسا ملک کا تنازعہ منظر عام پر آیا تھا اور اس کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کروائی گئی تھی۔ کہا جاتا ہے کہ علیزے نے منسا ملک کو نہ صرف تھپڑ مارا بلکہ جلتا ہوا سگریٹ اور جوتا بھی پھینکا۔
اس واقعے کے بعد منسا ملک نے اسلام آباد پولیس میں مقدمہ درج کروایا اور سیکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔