اسلام آباد:
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ نیشنل یوتھ کونسل کی تشکیل نو کردی گئی ہے جس میں ملک بھر سے 100 نوجوانوں کو شامل کیا گیا ہے، وزیراعظم اس کے سرپرست اعلیٰ ہیں اس کا پہلا اجلاس 26 جنوری کو اسلام آباد میں ہوگا۔
نیشنل یوتھ کونسل کا قیام میرٹ اور شفافیت کے ذریعے کیا گیا ہے، کونسل میں تمام شعبوں کے ماہر نوجوانوں کو شامل کیا گیا ہے، یہ نوجوان ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے اور نوجوانوں سے متعلق فیصلہ و پالیسی سازی میں اہم کردارادا کریں گے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نے گزشتہ 8 ماہ کے دوران تعلیم، انٹرٹینمنٹ، انٹرپرینیورشپ، ایمپلائمنٹ اور آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کے لئے نمایاں اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نیشنل یوتھ کونسل کی تشکیل نو کر دی گئی ہے، وزیراعظم اس کونسل کے سرپرست اعلیٰ ہیں، کونسل میں ملک بھر سے 100 قابل نوجوانوں کو منتخب کیا گیا ہے جبکہ 13 اوور سیز پاکستانی نوجوان اس کونسل میں شامل ہیں اس کے لئے میرٹ اور شفافیت کو برقرار رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل یوتھ کونسل میں آئی ٹی، تعلیم اور موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر کیٹیگریز کے لیے درخواستیں طلب کی گئی تھیں، ملک اور بیرون ملک سے ہزاروں درخواستیں موصول ہوئی ہیں جامع طریقہ کار کے تحت کونسل کے اراکین کو منتخب کیا گیا ہے، یہ کونسل نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے فیصلہ سازی سے متعلق رہنمائی فراہم کرے گی، کونسل میں 49 لڑکے، 49 لڑکیاں اور 2 خواجہ سرا شامل ہیں اس کونسل میں اقلیتوں اور خصوصی افراد کی تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی نمائندگی شامل ہے، کونسل میں گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر اور چاروں صوبوں کی نمائندگی شامل ہے جبکہ 13 اوورسیز پاکستانی اس کونسل کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل یوتھ کونسل کا پہلا تین روزہ اجلاس 26 جنوری کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں نوجوانوں سے متعلق امور کو زیر بحث لایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ یوتھ کونسل کے اراکین ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کےلئے پر عزم ہیں۔