قائداعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب مزار قائد پر منعقد ہوئی


ویب ڈیسک December 25, 2024

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش آج ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، اس حوالے سے کراچی سمیت ملک بھر میں خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں۔

بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب مزار قائد اعظم پر منعقد ہوئی۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاق وچوبند دستے نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔

اس سے قبل، پاک فضائیہ کے جوان مزار قائد پر گارڈز کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

بابائے قوم کے یوم پیدائش کے موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سینئیر وزیر شرجیل میمن، صوبائی کابینہ کے ارکان، عسکری و سول حکام سمیت اہم شخصیات نے مزار قائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھا کر فاتحہ خوانی کی۔

مزار قائد پر حاضری کے موقع پر گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔

گورنر سندھ کامران خان ٹسوری کا کہنا تھا کہ قائداعظم کی مادر وطن کے حصول کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں، ہم نے پاکستان کو حقیقی معنوں میں قائد کا پاکستان بنانا ہے۔ بحیثیت قوم ہمیں اپہی منزل کے حصول کے لیے محنت اور لگن سے کام کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، اسٹاک مارکیٹ مسلسل اوپر جا رہی ہے اور پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی لائی گئی ہے۔ بیرونی طاقتیں نہیں چاہتیں کہ پاکستان معاشی طور پر خوشحال ہو۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ قائداعظم نے پاکستان کی صورت میں ہمیں پیارا ملک دیا، موجودہ حکومت صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی لیڈرشپ میں پوری کوشش کر رہی ہے کہ ملک کے اندر معاشی، سیاسی اور امن و امان کی صورتحال بہتر رکھی جائے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن مسیحی برادری کو کرسمس کا تہوار منانے پر مبارکباد دیتا ہوں، قائداعظم نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ پاکستان میں اقلیت برادری اپنے مذہب پر عمل پیرا ہوسکتے ہیں۔

قائداعظم کے یوم ولادت کے حوالے سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پیغام میں کہا کہ قائداعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کی جداگانہ ریاست کے تصور کو حقیقت کا روپ دیا، انکی دانشمندانہ قیادت اور انتھک جدوجہد کے نتیجے میں مملکت خداداد پاکستان معرض وجود میں آئی۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آج ہم جس آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں یہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت اور سیاسی بصیرت کی مرہون منت ہے، پاکستان کے قیام کا مقصد برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک اسلامی فلاحی ریاست کا قیام تھا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام صرف اسی وقت ممکن ہے جب ہم قائداعظم کے افکار کو اپنے قومی کردار کا حصہ بنائیں۔ قائداعظم کے نقشِ قدم پر پاکستان کو مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ریاست میں تبدیل کریں گے۔

بانی پاکستان کے یوم پیدائش کی مناسبت سے ملک بھر میں سیمینار، کانفرنسز اور دیگر تقریبات بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔ ان تقریبات میں قائد اعظم محمد جناح کو ان کی برصغیر کے مسلمانوں کے لیے آزاد اور خود مختار پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے کی گئی جدوجہد پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں