کراچی؛ پولیس اہلکار کے ساتھ ڈکیتی؛ ڈاکوؤں نے مزاحمت پر گولی مار دی
اسپیشل برانچ میں تعینات پولیس اہل کار کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے گولی مار کر زخمی کردیا۔
پولیس کے مطابق بنارس فلائی اوور پر دورانِ ڈکیتی مزاحمت پر گولی لگنے سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔ تھانہ مومن آباد کی حدود میں موٹر سائیکل پر سوار سادہ لباس میں پولیس اہلکار عبداللہ کالج سے بنارس پل کے ذریعے میٹرو سنیما سے اپنے گھر واقع اورنگی ٹاؤن جارہا تھا کہ ایک موٹر سائیکل پر 2نامعلوم ملزمان نے اس کو روکنے کا اشارہ کیا اور لوٹ مار کی کوشش کی۔
ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر ملزمان نے پولیس اہلکار پر فائرنگ کردی، جس سے وہ زخمی ہوگیا۔ بعد ازاں ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
زخمی پولیس اہلکار کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی شناخت 27 سالہ سید محمد حیدر عابدی ولد سید حیدر عابدی سے ہوئی، جو اسپیشل برانچ میں تعینات ہے۔
پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔