پنجاب پولیس کے اہلکار مظاہرین میں شامل تھے رحمن ملک

6 کو پکڑ کر چھوڑ دیا گیا،مظاہرین کو پنجاب سے اسلام آبادآنے کی کھلی چھٹی دی گئی تھی


Online/Numainda Express September 23, 2012
فوٹو: این این آئی

وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے ایک بار پھر کہا ہے کہ جمعے کو اسلام آباد میں گستاخانہ فلم کے خلاف احتجاج میں پنجاب پولیس کے اہلکار بھی مظاہرین میں شامل تھے جنہیں اسلام آباد پولیس نے پہلے پکڑا اور بعدازاں اپنا پیٹی بند بھائی قراردے کر رہا کردیا۔

اس واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے ایکشن لیا جائے گا۔ گزشتہ روز احتجاج میں زخمی اہلکاروں کی عیادت کے بعد پولی کلینک اسپتال میں میڈیا سے گفتگومیں انھوں نے کہا کہ پُرتشدد واقعات میںملوّث افرادکی وڈیو بنالی ہے۔ رحمٰن ملک نے زخمی ہونے والے3 اہلکاروںکو اے ایس آئی کے عہدے پر ترقی جبکہ14اہلکاروں کو قائداعظم میڈل دینے کا اعلان کیا۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ گزشتہ روز فیض آباد میں مظاہرین کو پنجاب سے اسلام آبادآنے کی مکمل چھٹی دی گئی تھی، جلوس میں مظاہرین کے ساتھ اسلام آباد آنے والے پنجاب پولیس کے6 اہلکاروںکو بھی اسلام آباد پولیس نے پکڑا تھا تاہم بعد ازاں اسلام آباد پولیس کے اہلکار اور اسسٹنٹ کمشنرکے ایک ریڈر نے ان کو پیٹی بند بھائی کہہ کر رہاکردیا۔

ان افراد کے خلاف بھی تحقیقات کی جارہی ہے کہ انھوں نے پنجاب پولیس کے اہلکاروں کو کیوں اور کس کے کہنے پر رہا کیا۔ہم نے شرپسند عناصر کی فوٹیج حاصل کرلی ہے، اب اس پر کام ہو رہا ہے اور جلد ہی ان افراد کو گرفتار کرنے کیلیے چھاپے مارے جائیں گے۔آن لائن کے مطابق رحمٰن ملک نے کہا کہ چند ٹکوں کی خاطر شرپسندی پھیلانے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے، پُرتشدد مظاہروں میں لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف جوڈیشل انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

پنجاب حکومت نے شرپسند عناصر کو کھلی چھوٹ دی تھی، آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ مظاہرے میں ہنگامہ آرائی اور لوٹ مار میں ملوث 62افراد کو حراست میں لے لیا گیاہے اور ان کے پیچھے سپورٹ کرنے والے افراد کے بارے میں ثبوت اکٹھے کررہے ہیں، مظاہروں میں زخمی ہونے والے اے ایس آئی کیلیے ستارہ شجاعت کا اعلان کرتا ہوں۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ جمعے کے مظاہروں کے دوران لوٹ مار کرنے والے8 ڈاکو بھی پکڑے گئے، اسلام آباد میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، مظاہروں کے دوران50سے60ہزار افراد ڈپلومیٹک انکلیو میں داخل ہونا چاہتے تھے جنہیں پولیس کے مٹھی بھر جوانوں نے روک لیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں