مدارس رجسٹریشن؛ فضل الرحمٰن کو کل جماعتی کانفرنس میں بلائیں گے، طاہر اشرفی
چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ مدارس رجسٹریشن کے معاملے پر مولانا فضل الرحمٰن کو کل جماعتی کانفرنس میں بلائیں گے۔
وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا یوم ولادت منایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف مذاہب کے ماننے والوں کا ملک ہے۔
حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ امریکا کی طرف سے کسی جواز کے بغیر میزائل پروگرام پر پاپندی سمیت اندرونی مسائل پر بیان بازی ناقابل قبول اور قابل مذمت ہے۔ میرا برطانیہ، یورپی یونین، امریکا سے سوال ہے کہ جیلوں میں معصوم لوگوں کی موجودگی پر آپ کی انسانیت کدھر تھی؟۔ عافیہ صدیقی کے معاملے پر انسانیت کہاں تھی؟۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والے ناکام ہوں گے۔ ہم اگلے ہفتے کل جماعتی کانفرنس کریں گے ۔ مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے یہ معاملہ حل ہو جائے گا ۔ مولانا فضل الرحمان کو کل جماعتی کانفرنس میں بلائیں گے۔