فلم "بیبی جون" میں سلمان خان کا دھماکے دار کیمیو: مداحوں کے دل جیت لیے
کرسمس کے موقع پر ریلیز ہونے والی بڑی تفریحی فلم "بیبی جون" میں سلمان خان نے اپنے خاص کیمیو کردار سے دھوم مچا دی۔ فلم میں سلمان خان نے "ایجنٹ بھائی جان" کا کردار ادا کیا ہے، جو ان کے مداحوں کے لیے ایک خاص تحفہ ہے۔
فلم کی ریلیز سے قبل سلمان خان کی جھلک نے شائقین میں بے حد جوش پیدا کیا تھا۔ لیکن فلم دیکھنے کے بعد مداحوں کو نہ صرف سلمان کے زبردست ایکشن بلکہ مزاحیہ انداز بھی دیکھنے کو ملے۔
یہ سلمان خان کا حالیہ دو مہینوں میں دوسرا کیمیو ہے۔ اس سے پہلے وہ دیوالی ریلیز "سنگھم اگین" میں بھی نظر آئے تھے، لیکن ان کا کردار چند سیکنڈز کا تھا جس پر مداح مایوس ہوئے تھے۔ تاہم "بیبی جون" میں سلمان خان نے کافی وقت اسکرین پر گزارا اور مداحوں کو بھرپور انٹرٹینمنٹ فراہم کی۔
فلم کے پروڈیوسر مراد کھیتانی نے بتایا کہ سلمان خان کو اس کردار کے لیے کیسے آمادہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا، "ایٹلی نے ایک بڑے اسٹار کے کیمیو کی ضرورت کے بارے میں بتایا۔ میں نے سلمان بھائی سے ملاقات کی اور کافی ہچکچاہٹ کے بعد ان سے درخواست کی۔ انہوں نے فوراً ہامی بھر لی۔ سلمان بھائی واقعی بڑے دل والے اور عاجز انسان ہیں۔"
27 دسمبر کو سلمان خان اپنی سالگرہ منائیں گے، اور اسی دن ان کی نئی فلم "سکندر" کا ٹیزر بھی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ریلیز ہوگا۔ جبکہ "بیبی جون" میں ان کے ایجنٹ بھائی جان کے کردار نے مداحوں کو سال کے آخر میں ایک خاص تحفہ دیا ہے۔