لیجنڈری فلمساز شیام بینگل نے شاہ رخ خان کو اپنی کسی فلم میں کاسٹ کیوں نہیں کیا؟ 

شیام بینیگل کے انتقال کے بعد ان کے سینما میں شاندار کردار اور ان کے منفرد خیالات پر روشنی ڈالی جا رہی ہے


ویب ڈیسک December 25, 2024

بھارتی سینما کے لیجنڈری ہدایتکار شیام بینیگل 23 دسمبر کو 90 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر نے مداحوں کو غمزدہ کر دیا، خاص طور پر جب وہ چند دن پہلے، 14 دسمبر کو، اپنے 90ویں جنم دن کے موقع پر دوستوں کے ہمراہ خوشی کے ساتھ جشن مناتے نظر آئے تھے۔

شیام بینیگل کے انتقال کے بعد ان کے سینما میں شاندار کردار اور ان کے منفرد خیالات پر روشنی ڈالی جا رہی ہے۔ ان کے بارے میں یہ کم لوگ جانتے ہیں کہ انہوں نے شاہ رخ خان اور ہریتھک روشن کے بارے میں خصوصی خیالات کا اظہار کیا تھا، جو آج بھی یاد کیے جاتے ہیں۔

2009 میں ایک انٹرویو کے دوران، شیام بینیگل نے شاہ رخ خان کی اداکاری اور اسکرین پر ان کی موجودگی کی کھل کر تعریف کی۔ انہوں نے کہا، "شاہ رخ واقعی ایک شاندار اداکار ہیں۔ جب وہ اسکرین پر آتے ہیں، تو آپ کا دھیان کہیں اور نہیں جاتا۔"

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ شاہ رخ خان کو کسی فلم میں کاسٹ کریں گے، تو انہوں نے جواب دیا، "میرے پاس ایسا کوئی موضوع نہیں جو شاہ رخ کو دلچسپی دے سکے۔"

اس سے ایک سال قبل، 2007 میں، شیام بینیگل نے ہریتھک روشن کو گوتم بدھ کی زندگی پر مبنی ایک فلم کے لیے کاسٹ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا، "ہریتھک بدھا کے کردار کے لیے بہترین انتخاب ہیں۔ ان کے چہرے کی ساخت اس کردار کے لیے بالکل موزوں ہے۔"

انہوں نے مزید بتایا کہ اس فلم کا اسکرپٹ تیار کیا جا رہا ہے، اور ہریتگک اس منصوبے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ تاہم، یہ فلم اپنی بھاری لاگت کی وجہ سے کبھی پایہ تکمیل تک نہ پہنچ سکی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں