حکمرانوں نے اپنی مراعات میں 100 فیصد اضافہ کردیا ہے، حافظ نعیم الرحمان
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کسانوں کو سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومتی اقدامات پر تنقید کی اور کہا کہ حکمرانوں نے اپنی مراعات میں 100 فیصد اضافہ کردیا ہے۔
منڈی بہاؤالدین کے علاقے پھالیہ میں کسان کنونشن سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں لوگ دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسان اس ملک کی بہتری کے لیے کوشاں ہے لیکن حکومت گندم کی امدادی قیمت مقرر کرنے کے بعد مکر گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسان سخت سردی میں محنت کر کے اناج اگاتا ہے، حکمران اب اسکولوں کو نجی اداروں کو دے کر مفت تعلیم کا حق بھی چھین رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ شوگر مافیاز کو کھلا چھوڑ دیا گیا ہے اور گنے کے ریٹ وہ اپنی مرضی سے طے کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) سرمایہ داروں پر ٹیکس لگانے کی بات کرتا ہے لیکن یہ مزدوروں اور کسانوں پر ٹیکس لگاتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان حکمرانوں نے اپنی مراعات میں 100 فیصد اضافہ کردیا ہے۔