اسلام آبا د/
اسلام آباد:
وفاقی دارالحکومت کے بلیو ایریا میں خواتین پولیس اہلکاروں نے آرڈر پہنچانے میں تاخیر پر رائیڈر کومبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا تاہم انسپکٹر جنرل (آئی جی) نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
آئی جی اسلام آباد نے خواتین پولیس اہلکاروں کی جانب سے رائیڈر کو تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعے کا نوٹس لیا اورتشدد کرنے والی پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا۔
واقعے کی انکوائری کے لیے آئی جی اسلام آباد نے دو افسران پر مشتمل کمیٹی بنا دی ہے اور کہا گیا کہ کمیٹی کی رپورٹ کے بعد خواتین اہلکاروں کا قصور ثابت ہونے پر مزید کارروائی ہوگی۔
خواتین پولیس اہلکاروں کے مبینہ تشدد کا نشانہ بننے والے رائیڈر نے میڈیا کو بتایا کہ خواتین پولیس اہلکاورں نے سامان منگوایا تھا لیکن بلیو ایریا کے مذکورہ علاقے میں پہنچا تو میرے فون کی چارجنگ ختم ہوگئی۔
رائیڈر نے بتایا کہ فون چارج کرنے کے لیے میں قریبی دکان میں گیا جہاں تھوڑی تاخیر ہوگئی، جس پر خواتین پولیس اہلکاروں نے سب کے سامنے تھپڑ مارے اور میری عینک بھی توڑ دی۔