نامزد وزیر خارجہ نے پاکستان کے میزائل پروگرام پر بات کرنے کی تیاری کی ہوئی ہے؛ امریکی ایلچی
امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی رچرڈ گرینل نے کہا ہے کہ نامزد وزیرخارجہ نے پاکستان کے میزائل پروگرام پر بات کرنے کی تیاری کی ہوئی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزدہ کردہ رچرڈ گرینل نے اس بات کا انکشاف ایک انٹرویو میں کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایٹمی صلاحیت کے حامل ملکوں سے ڈیل مختلف انداز سے کی جاتی ہے۔
پاکستان کی سابق حکومت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں رچرڈ گرینل نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دورِ اقتدار میں اُس وقت کی پاکستانی حکومت سے بہترین تعلقات تھے۔
عمران خان کے حوالے سے رچرڈ گرینل نے کہا کہ پاکستان کے اسیر سابق وزیراعظم بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی طرح سیاست میں مورثی طور پر نہیں آئے تھے۔
رچرڈ گرینل نے ایک بار پھر عمران خان کو رہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم پر بھی ویسے ہی الزامات ہیں جیسے ٹرمپ پر تھے۔
موجودہ ترجمان امریکی وزارت خارجہ میتھیو ملر کی میڈیا سے گفتگو کو پیچیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اصل بات یہی ہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم کو رہا کیا جائے۔
خیال رہے کہ امریکا نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کی تیاری کا الزام عائد کرکے پاکستان کی 4 کمپنیوں پر پابندی عائد کی تھیں۔