72 گھنٹوں میں پاڑہ چنار کے راستے نہیں کھلے تو ملک بھر کے راستے بند کردیے جائیں گے، مظاہرین

کرم میں راستوں کی بندش کیخلاف احتجاج ملک کے دیگر حصوں تک پھیلنے لگا، پاڑہ چنار میں جاری دھرنا چھٹے روز میں داخل

PARACHINAR:

ضلع کرم میں راستوں کی بندش کے خلاف احتجاج کا دائرہ کار ملک کے دیگر حصوں تک پھیلنے لگا، پاڑہ چنار میں جاری دھرنا چھٹے روز میں داخل ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق  قبائلی ضلع کرم میں راستوں کی بندش کے خلاف پاڑہ چنار سمیت احتجاج ملک کے مختلف حصوں میں جاری ہے۔ پاڑہ چنار میں مین کچہری روڈ پر پریس کلب کے سامنے دھرنا چھٹے روز میں داخل ہو چکا ہے۔

پاڑہ چنار کے تحصیل چیرمین آغا مزمل کا کہنا ہے کہ پاڑہ چنار محصور ہے، ہم نہ تو پاکستان جاسکتے ہیں اور نہ افغانستان۔ لوگ محصور ہوچکے ہیں۔ کسی کو بھی اس بات کا احساس نہیں ہورہا کہ لاکھوں زندگیوں کو اس وقت شدید مُشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’علاقے میں اس حالیہ کشیدگی کے بعد سے اب تقریباً 78 روز ہو چکے ہیں اور پاڑہ چنار کا رابطہ مُلک سے کٹا ہوا ہے۔ اگر کوئی کسی مجبوری کے تحت سفر کرنے کی کوشش بھی کرتا ہے تو مارا جاتا ہے۔ ہم نے ابھی تک احتجاجاً اپنے دوافراد کی تدفین نہیں کی ہے۔ یہ لوگ سفر کرتے ہوئے مارے گئے تھے۔

آغا مزمل کا کہنا تھا کہ ہمارا احتجاج معاملے کے حل تک جاری رہے گا۔ حکومت کی جانب سے ایک گرینڈ جرگہ آیا ہوا ہے،اس سے بات چیت چل رہی ہے ان سے بھی ہمارا یہی مطالبہ ہے کہ ہر صورت میں راستوں کو کھولا جائے اور انھیں آمدورفت کے لیے محفوظ بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاڑہ چنار کے راستے نہیں کھلیں گے تو پھر اب ہم پورے ملک میں خاموش نہیں بیٹھیں گے اور پورے ملک میں احتجاج ہوگا،ہم نے حکومت کو بتا دیا ہے کہ آئندہ 72 گھنٹوں میں اگر پاڑہ چنار کے راستے نہیں کھلیں گے تو پھر ملک بھر کے ہائی ویز، موٹر ویز، ایئر پورٹ، ٹرین ٹریک سب کچھ بند کردیا جائے گا۔

آغا مزمل نے کہا کہ اس وقت ملک کے مختلف علاقوں میں پاڑہ چنار کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پر امن احتجاج ہورہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہماراپیغام بڑا واضح ہے کہ اگر پارہ چنار کے راستے نہیں کھلیں گے تو پھر پاکستان بھر کے راستے بھی بند کردیئے جائیں گے۔

Load Next Story