کہنے کو اس ملک میں ایک کھلاڑی بھی آیا تھا لیکن وہ ملک کے ساتھ کھیل کر چلا گیا،عظمیٰ بخاری
پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی زاہد بخاری نے کہا ہے کہ کہنے کو اس ملک میں ایک کھلاڑی بھی آیا تھا لیکن وہ ملک کے ساتھ کھیل کر چلا گیا۔
’’ یوم قائد تقریب‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ قائد اعظم ہمارے رول ماڈل ہیں اور پاکستان کی شکل میں ان کا بہت بڑا ہم پر احسان ہے، ان کی یاد میں صرف ایک دن منانا ان کے شایان شان نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے سوچا کہ 25 دسمبر کا دن گھر میں بیٹھ کر چھٹی منانے کی بجائے ثقافتی طور پر بھرپور انداز میں منایا جائے،ہم نے ثقافت اور تھیٹر کو ریوائیو کرنا ہے جس کے لیے کمیٹی بنا دی ہے، رونا رلانا، آگ لگانا بہت آسان ہوتا ہے جبکہ ہنسانا بہت مشکل ہوتا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آج قائد اعظم اور قائد مسلم لیگ ن نواز شریف دونوں کا یوم پیدائش ہے، انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا اسٹیمنا آج بھی ہم سب سے بہت زیادہ ہے، اسی طرح وزیراعلی پنجاب مریم نواز بھی انتہائی لگن اور محنت سے کام کرتی ہیں،چین میں بھی مریم نواز نے بے انتہا کام کیا۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ گارنٹی دیتی ہوں کہ صرف 25 دسمبر ہی نہیں بلکہ ہر آرٹ کونسل میں ثقافت کے بھرپور پروگرام ہوا کریں گے، آج تیسری خوشی کرسمس کی ہے جس کو بھی اچھے طریقے سے منا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی سربراہی میں پنجاب ہر میدان میں آپ کو آگے جاتا نظر آئے گا، ’ستھرا پنجاب ‘ پورے ملک کا سب سے بڑا پروگرام ہے جس سے نہ صرف صفائی ہو گی بلکہ اس سے دیگر مقاصد بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے نام لیے بغیر بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کہنے کو اس ملک میں ایک کھلاڑی بھی آیا تھا لیکن وہ ملک کے ساتھ کھیل کر چلا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کھیل ہو یا تعلیم، ہر میدان میں ہماری کابینہ بہترین کام کر رہی ہے،حنا پرویز بٹ خواتین کیخلاف تشدد وغیرہ کے کیسز پر بہت اچھا کام کر رہی ہیں،یہ ہماری حکومت کا کمال ہے کہ خواتین پر تشدد کا ہر ملزم 24 سے 48 گھنٹوں میں لازمی پکڑا جاتا ہے،اب پراسیکیوشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ خواتین پر تشدد کے ملزموں کو عدالتوں سے سزا دلوائے۔