بہاولنگر؛ کنویں کی کھدائی کے دوران مٹی کا تودہ گرنے سے تین مزدور ملبے تلے دب گئے

فورٹ عباس کے علاقے چک نمبر 269 ایچ آر میں مقامی کاشتکار کے رقبہ میں کنویں کی کھدائی جاری تھی

بہاولنگر کی تحصیل فورٹ عباس میں کنویں کی کھدائی کے دوران مٹی کا تودہ گرنے سے تین مزدور ملبے تلے دب گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق فورٹ عباس کے علاقے چک نمبر 269 ایچ آر میں مقامی کاشتکار کے رقبہ میں کنویں کی کھدائی جاری تھی کہ اچانک مٹی کا ایک تودہ گرا اور کنویں میں کام کرنے والے تین مزدور مٹی کے تودے تلے دب گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ایک مزدور کو زندہ نکال لیا گیا جبکہ باقی دو مزدوروں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے دونوں مزدور باپ بیٹا ہیں۔ 

ریسکیو ذرائع کے مطابق زندہ بچ جانے والے مزدور کی شناخت محمد عثمان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ملبے تلے دبے مزدور حبیب اور محمد اشرف باپ بیٹا ہیں جن کو نکالنے کے لیے تین گھنٹے سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

Load Next Story