جنرل ساحر شمشاد کی کویت کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں، باہمی تعاون کی اہمیت پر زور
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور کویت کے ولی عہد صباح الخالد الحمد الرحمان نے دو طرفہ امور اور تعاون پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے باہمی تعاون کے مواقع تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کویت کے دورے کے موقع پر ولی عہدمبارک الصباح، نائب وزیراعظم شیخ فہد یوسف الصباح، وزیر دفاع اور داخلہ لیفٹیننٹ جنرل (اسٹاف) انجینئر ہاشم الرافی سمیت دیگر اہم عہدیداروں اور کویت کی مسلح افواج کے قائم مقام چیف آف اسٹاف سے بھی ملاقاتیں کیں۔
اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں دوطرفہ امور اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، فریقین نے اپنے مشترکہ وعدوں کا اعادہ کیا اور دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
جنرل ساحرشمشادمرزا نے العبداللہ جوائنٹ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں اکیڈمی میں ہونے والی تربیتی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
قبل ازیں چیئرمین جے سی ایس سی کے کویت پہنچنے پر چاق و چوبند دستے نے ان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔