کراچی:
نویں پاکستان اوپن ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ میں نوجوان کھلاڑی دانیال شاہ نے عالمی ریکارڈ برابرکرکے نئی تاریخ رقم کردی اور تمام 12 اسٹرائیک میں 300 اسکور کرنے والے پہلے قومی کھلاڑی بن گئے ہیں۔
دانیال شاہ نے پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے تحت مقامی کلب میں منعقدہ 8 روزہ چیمپئین شپ میں اوپن سنگلز ٹائٹل بھی اپنے نام کیا، ایونٹ میں مقابلے کے دوران دانیال شاہ نے تاریخی کارنامہ انجام دیا۔
قبل ازیں پاکستان میں اس کھیل میں آج تک کوئی بھی کھلاڑی تمام 12 اسٹرائیک نہیں کرسکا تھا۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ باؤلنگ میں سب سے زیادہ اسکور 300 ہے، دانیال شاہ نے ہر اسٹرائیک پر 25 اسکور کیا اور مجموعی طور پر 300 اسکور کرکے عظیم کامیابی اپنے نام کی۔
تاریخی کامیابی کے بعد ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے دانیال شاہ کا کہنا تھا کہ یہ ایسی کامیابی ہے جس کا ہر باؤلنگ کھلاڑی خواب دیکھتا ہے، یہ اعزاز نہ صرف میرے لیے بلکہ پوری قوم کے لیے قابل فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ بین الاقوامی سطح پرپاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے قومی پرچم بلند کروں۔