پی ٹی آئی مذاکرات سے زیادہ امیدیں نہ رکھے، راجا پرویز اشرف
پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر و سابق وزیراعظم راجا پرویزاشرف کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کو حکومت کے ساتھ مذاکرات سے زیادہ امیدیں نہیں رکھنی چاہئیں۔
پیپلزپارٹی اور ن لیگ میں مذاکرات کا آغاز نیک شگون ہے، پنجاب میں کچھ اختیارات حاصل کرنے کیلئے ان کی جماعت ن لیگ کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ نے ان کے مطالبے سے اتفاق کیا ہے کہ انہیں ان ڈویژنوں میں ترقیاتی کمیٹیوں، بورڈز اور اتھارٹیز میں شامل کیا جائے جہاں پیپلزپارٹی کی اکثریت ہے۔
انہوں نے یہ باتیں لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہیں۔ راجہ پرویز اشرف نے واضح کیا کہ پیپلزپارٹی نے ملک بچانے کی خاطر حکومت سازی میں ن لیگ کی حمایت کی۔
پیپلز پارٹی نظام کے تسلسل کیلئے حکومت کی غیر مشروط حمایت جاری رکھے گی۔
پیپلزپارٹی نے کسانوں پر ٹیکس لگانے پر اعتراض کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کی حقیقت کو جان لیا ہے۔
مذاکرات میں دونوں فریقین کو کھلے ذہن کے ساتھ بیٹھنا چاہیے لیکن پی ٹی آئی کو مذاکراتی عمل سے زیادہ امیدیں نہیں رکھنی چاہئیں۔
انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ذکر کئے بغیر کہا کہ ایگزیکٹو آرڈر سے ان کے قائدین کے خلاف کیسز ختم نہیں ہوسکتے۔