کراچی:
لانڈھی گلشن بونیر کے علاقے میں گھر میں گھس کر 2نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے خاتون کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق لانڈھی کے علاقے گلشن بونیر میں واقع ایک گھر میں داخل ہوکر 2نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک خاتون کو قتل کردیا، جس کی شناخت 34 سالہ رضیہ زوجہ ثنا اللہ سے ہوئی ۔ خاتون کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ مقتولہ کی12 سالہ بیٹی نےپولیس کو ابتدائی معلومات میں بتایا کہ میں نے گھر میں 2نامعلوم افراد کو دیکھا جنہوں نے فائرنگ کرکے میری والدہ کو قتل کردیا۔
مقتولہ کا شوہر چوکیدار ہے اور اس کے 2بچے ہیں جب کہ مقتولہ کا آبائی تعلق محسود قبیلہ وزیرستان سے ہے۔
پولیس نے مختلف پہلوؤں کو پیش نظر رکھتے ہوئے قتل کے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔ ایس ایچ او قائد آباد نے بتایا کہ واقعہ ابتدائی طور پر قبائلی یا ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہوسکتا ہے تاہم تحقیقات کے بعد قتل کی وجوہات سامنے آئیں گی۔