موزمبیق میں پرتشدد مظاہرے، جیل توڑ کر 1500 قیدی فرار، 33 ہلاک

قیدیوں نے جیل کے محافظوں کو قابو کرکے ان کی اے 47 رائفلیں چھین لیں اور اصلاحی مرکز سے فرار ہو گئے۔


ویب ڈیسک December 26, 2024

پرتگالی بولنے والے افریقی ملک موزمبیق کے دارالحکومت کی ایک جیل کے اندر مبینہ طور پر ہنگامہ آرائی میں کم از کم 33 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے ہیں جب کہ 1500 سے زائد قیدی فرار ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق پولیس جنرل کمانڈر برنارڈینو رافیل  نے ایک میڈیا بریفنگ میں بتایا جیل تصادم کے نتیجے میں 33 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے، 1500 قیدی فرار ہوگئے، فرار ہونے والے 150 قیدیوں کو دوبارہ پکڑ لیا گیا ہے۔

انہوں نے جیل کے باہر ہونے والے مظاہروں کو جیل فسادات کی حوصلہ افزائی کا باعث قرار دیا۔

دوسری جانب وزیر انصاف نے مقامی نجی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ بےامنی جیل کے اندر سے شروع ہوئی تھی اور اس کا باہر کے احتجاج سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت واضح نہیں ہو سکی۔

ساؤتھ افریقن براڈکاسٹنگ کارپوریشن (ایس اے بی سی) کی ایک رپورٹ میں کہا گیا  کہ قیدیوں نے جیل کے محافظوں کو قابو کرکے ان کی اے 47 رائفلیں چھین لیں اور اصلاحی مرکز سے فرار ہو گئے۔

گزشتہ روز  وزیر داخلہ  نے کہا تھا کہ  موزمبیق کی اعلیٰ عدالت کی جانب سے متنازع انتخابات میں حکمران جماعت فریلیمو کی جیت کی تصدیق کے بعد سے شروع ہونے والی بے امنی میں کم از کم 21 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں