پشاورایئرپورٹ سے ایک ماہ بعد غیر ملکی فضائی سروس بحال
پشاور ایئرپورٹ طیارہ حادثے کے بعد سے امارات ایئرلائن کی معطل کردہ پروازیں ایک مرتبہ پھر بحال کردی گئیں جبکہ سعودی ایئرلائن کا فلائٹ آپریشن یکم اگست سے دوبارہ شروع ہوگا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور ایئرپورٹ پر طیارہ پر فائرنگ کے بعد سے معطل کردہ فضائی سروس ایک مرتبہ پھر بحال کردی گئی جس کے بعد باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے امارات ایئرلائن کی پہلی پرواز مسافروں کو لے کر دبئی پہنچ گئی جبکہ گزشتہ روز اتحاد ایئرویز نے بھی پشاور سے دوبارہ فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب سعودی ایئرلائنز نے یکم اگست تک پشاور ایئرپورٹ سے اپنا فلائٹ آپریشن معطل کر رکھا ہے جسے یکم اگست کے بعد دوبارہ معمول پر لایا جائے گا۔ کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد کیتھے پیسیفک نے بھی کراچی کے لئے اپنی پروازیں غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی تھی جس کے بعد حکام سے مذاکرات کے بعد ایک مرتبہ پھر غیر ملکی پرواز بحال کی گئی۔
واضح رہے کہ کراچی ایئرپورٹ حملے کے کچھ ہی دنوں بعد 24 جون کو پشاور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے طیارے پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں ایک مسافر جاں بحق جبکہ عملے کے 2 ارکان زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد سے غیر ملکی ایئرلائنز نے پشاور کے لئے پروازیں منسوخ کردیں تھیں۔