اٹک: پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی کارکنوں کی قربانیوں کا ثمر ہوگا۔
تحریک انصاف کے جاں بحق کارکن ملک ادریس ڈھرنال کے اٹک میں گھر آمد کے موقع پر اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی۔
عمر ایوب نے کہا کہ ملک ادریس جیسے بہادر کارکنوں پر فخر ہے لیکن ان کے بچھڑنے کا افسوس بھی ہے۔ بانی پی ٹی آئی اپنے کارکنان کی شہادت پر سخت رنجیدہ ہیں۔ ہم ملک ادریس کے اہل خانہ کو انصاف ملنے تک لواحقین کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فاشسٹ حکومت کو گولی کیوں چلائی کا جواب ہر صورت دینا ہوگا۔ حکومت کو احساس نہیں کہ اندھی گولیوں نے کتنے گھر اجاڑ دیے۔ کارکنان سے وعدہ ہے کہ ظل شاہ سے کر ملک ادریس تک ہر کارکن کے خون کا حساب لیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان کی رہائی ان کارکنان کی قربانیوں کا ثمر ہو گی۔ وعدہ ہے کہ ان کارکنان کے خوابوں کو ادھورا نہیں رہنے دیں گے۔ پوری پی ٹی آئی بطور جماعت اپنے شہدا اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔