پشاور:
ہائی کورٹ نے رؤف حسن، خدیجہ شاہ، نعیم پنجوتھہ سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رؤف حسن، خدیجہ شاہ، نعیم حیدر پنجوتھہ ایڈووکیٹ، عرفان سلیم، ابرار حسین، رکن قومی اسمبلی محبوب شاہ کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس وقار احمد اور جسٹس اعجاز خان صابی پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی۔
عدالت نے درخواست گزاروں کو 22 جنوری تک حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے پولیس کو درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے عرفان سلیم، محبوب شاہ، خدیجہ شاہ، کو 16 جنوری تک حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے حکام سے مقدمات کی رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ جن درخواست گزاروں کا تعلق پنجاب سے ہے ان کو حفاظتی ضمانت دیتے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے ممبران کو 22 جنوری تک حفاظتی ضمانت دے دی۔