بھارتی یوٹیوبر رنویر الہ آبادیہ گوا میں اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ جان لیوا حادثے کا شکار ہوگئے تاہم انھیں بچا لیا گیا۔
بیئر بائیسیپس کی عرفیت سے مشہور ہونے والے یوٹیوبر رنویر الہ آبادیہ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اور ان کی گرل فرینڈ گوا میں سمندر میں تیراکی کے دوران تقریباً ڈوب گئے تھے۔ تاہم انھیں ایک آئی پی ایس افسر اور اس کی آئی آر ایس بیوی نے بچالیا۔
رنویر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر واقعے کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ گوا کے کھلے سمندر میں تیراکی کررہے تھے کہ اچانک ایک تیز لہر زد میں آکر ڈوبنے لگے اور انھیں ایسا لگا کہ ان کا آخری وقت قریب آچکا ہے۔
یوٹیوبر نے پوسٹ میں اپنی گرل فرینڈ کا چہرہ چھپاتے ہوئے تصاویر پوسٹ کی ہیں۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’ہم اب بالکل ٹھیک ہیں۔ لیکن کل شام چھ بجے یا اس کے بعد، مجھے اور میری گرل فرینڈ کو تھوڑی سی مشکل صورتحال سے بچانا پڑا۔‘‘
انھوں نے بتایا کہ انھیں کھلے سمندر میں تیراکی کرنا ہمیشہ سے پسند ہے، اور وہ بچپن سے ہی ایسا کر رہے ہیں، لیکن دوسروں کو اپنے ساتھ رکھنے کے عادی نہیں ہیں۔ تاہم، 24 دسمبر کو، وہ اور ان کی گرل فرینڈ تیز لہر کی زد میں آکر تقریباً ڈوب گئے۔
یوٹیوبر نے مزید لکھا کہ ’’ہم دونوں بچنے کےلیے جدوجہد کررہے تھے۔ آزمائش کے دوران ایک وقت ایسا آیا جہاں میں نے بہت سا پانی نگل لیا اور مجھے لگا کہ میں ڈوب جاؤں گا، تب میں نے مدد کےلیے چیخنے کا فیصلہ کیا‘‘۔
یوٹیوبر نے اپنی پوسٹ میں خود کو بچانے والے آئی پی ایس آفیسر اور ان کی آئی آر ایس آفیسر بیوی کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔